30

شانگلہ، غیرت کے نام پر ماں بیٹی اور قریبی عزیز قتل

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیرت کے نام پر ایک شخص نے اپنی بیٹی، اہلیہ اور قریبی رشتہ دار کو قتل کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس اسٹیشن چاؤگاہ  کے ایس ایچ او بخت حلیم کے مطابق تہرے قتل کا واقعہ شانگلہ کے علاقے ماخوئی شیکولئی میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو جائے وقوعہ پر 2 خواتین، رخسانہ اور صادقہ کی لاشیں ملیں، جو ملزم کی اہلیہ اور بیٹی ہیں جبکہ ان سے 100 فٹ کے فاصلے پر ملزم کے قریبی عزیز نور زایل کی لاش سڑک پر پڑی ہوئی تھی۔

مقتولہ رخسانہ کی عمر 36 سال،  بیٹی صادقہ کی عمر 18 سال جبکہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 38 سال تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزم کو شک تھا کہ اس کی بیٹی اور اہلیہ کے ان کے قریبی عزیز کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا ہے۔

لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم عبدالصبور کے خلاف پاکستانی پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں